نئی دہلی، 7اپریل ؛ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کورونا وبا سے لڑنے کے لئے ارکین پارلیمان کی تنخؤاہ 30فیصد کم کرنے کے حکومت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ اس وبا کے خلاف جنگ میں بہت پیسے کی ضرورت ہوگی اس لئے سرکاری اشتہارات اور اخراجات میں کمی کرکے بیرون ملک کے دوروں پر روک لگانے کی سخت ضرورت ہے۔
محترمہ گاندھی نے منگل کو وزیراعظم نریندر مودی کو اس سلسلہ میں ایک خط لکھا جس میں حکومت سے لگزری پروجیکٹوں کو روک کر اس فنڈ کا استعمال کورونا سے لڑنے کے لئے کرنے اور وزیراعظم کیئر فنڈ کی رقم کو وزیراعظم قومی ریلیف فنڈ میں منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سب سے پہلے حکومت کو ٹیلی ویزن، پرنٹ اور آن لائن اشتہارات پر دو برس کے لئے روک لگاکر یہ پیسہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ بحران سے لڑنے میں لگانا چاہئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کووڈ۔19سے متعلق صلاح یا صحت سے متعلق اشتہارات کو اس روک سے باہر رکھا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت اشتہار پر ہر برس تقریباََ 1,250کروڑ روپے خرچ کرتی ہے اوراس پر روک سے کورونا سے معیشت اور سماج کو ہونے والے نقصان کی بھرپائی کرنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔