نئی دہلی، 31 مارچ (یو این آئی) کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے حکومت پر مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو کمزور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت منریگا کے بجٹ میں مسلسل کٹوتی کر رہی ہے جمعرات کو لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے محترمہ گاندھی نے کہا کہ منریگا کے تحت بجٹ میں کٹوتیوں کی وجہ سے بروقت ادائیگی اور ملازمتوں کی قانونی ضمانتیں کمزور ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، اس کے باوجود منریگا کا بجٹ 2020 کے مقابلے اس سال 35 فیصد کم ہے۔ بجٹ میں کٹوتی کی وجہ سے مزدوروں کی ادائیگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منریگا نے جس کا کچھ سال پہلے مذاق اڑایا گیا تھا، کووڈ کی مدت اور لاک ڈاؤن کے دوران کروڑوں غریب خاندانوں کو بروقت امداد فراہم کی اور جان بچانے میں مثبت کردار ادا کیا۔مسز گاندھی نے مطالبہ کیا کہ حکومت منریگا کے بجٹ میں اضافہ کرے، مزدوروں کو ان کے کام کی ادائیگی 15 دنوں کے اندر یقینی بنائے اور وقت پر ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں معاوضے کا انتظام کرے۔
محترمہ گاندھی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے دیہی ترقی کے وزیر گری راج سنگھ نے کہا کہ کانگریس کی پچھلی حکومت کے دوران منریگا کا بجٹ صرف 33 ہزار کروڑ روپے تھا جسے موجودہ حکومت نے بڑھا کر ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کر دیا ہے۔اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے مسز گاندھی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منریگا کے بجٹ میں کٹوتی نہیں کی ہے بلکہ اس میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں منریگا میں بدعنوانی ہوئی تھی، وہیں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی موجودہ حکومت نے جن دھن کھاتوں کے ذریعے مزدوروں کو منریگا کی ادائیگی براہ راست کرنے کا کام کیا۔