نئی دہلی، 31 اگست ؛کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت نے جلیانوالہ باغ میں بربریت دکھائی، وہ شہداء کی توہین ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔منگل کے روز ایک ٹویٹ میں مسٹر گاندھی نے کہا ’’جلیانوالہ باغ کے شہداء کی ایسی توہین وہی کر سکتا ہے جو شہادت کا مطلب نہیں جانتا۔ میں ایک شہید کا بیٹا ہوں- میں کسی قیمت پر شہیدوں کی توہین برداشت نہیں کروں گا۔ ہم اس بربریت کے خلاف ہیں‘‘۔
اس کے ساتھ انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی جس میں کہا گیا ہے کہ ’’جلیانوالہ باغ کی توہین: سوشل میڈیا پر جلیانوالہ باغ کو جدید بنانے کے سلسلے میں لوگوں کا غصہ بھڑکا‘‘۔
ایک اور ٹویٹ میں کانگریس لیڈر نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ جدوجہد آزادی کو نہیں جانتے وہ جدوجہد کرنے والوں کا درد نہیں سمجھ سکتے۔