لکھنؤ: ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ ریاست کے کئی اضلاع میں سیلاب کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ اکھلیش نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ 500 سے زائد دیہات سیلابی پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ انسان اور مویشی سب کا برا حال ہے۔
عام زندگی تباہ ہو گئی ہے۔ حکومت سیلاب متاثرین کی ضرورت کے مطابق مدد نہیں کر رہی۔ یہ ریاستی حکومت کی بے حسی کی انتہا ہے۔ سیلاب متاثرین مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔
حکومت اور انتظامیہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے کہیں نظر نہیں آرہی۔یہاں جاری ایک بیان میں اکھلیش نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لکھیم پور کھیری، گونڈا، فرخ آباد، بلیا، بدایوں، ہردوئی، بارہ بنکی، اعظم گڑھ وارانسی، اناؤ، بستی، بہرائچ، شاہجہاں پور، پریاگ راج سمیت کچھ دیگر اضلاع میں حالات بدتر ہیں۔
ریاست میں گنگا، جمنا، گھاگھرا، شاردا اور دیگر ندیوں کے پانی کی سطح لوگوں کو خوفزدہ کر رہی ہے۔