نئی دہلی، 28 مارچ (یو این آئی)وزیراعظم نریندر مودی نے سماج کو صحت مند رکھنے کے لئے آیوش ڈاکٹروں کی تعریف کرتے ہوئے سنیچر کو کہا کہ لوگوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جانا چاہئے۔
مسٹر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آیوش ڈاکٹروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو صحت مند رکھنے میں آیوش کی طویل روایت رہی ہے۔کرونا وائرس سے متعلق اس کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوش ڈاکٹروں کا نظام پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے اور انہیں عالمی صحت تنظیم کی ہدایات کا پالن کرتے ہوئے کروناوائرس سے نمٹنے میں اپنے نظام کااستعمال کرنا چاہئے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر آیوش شری پد یسونائک اور کابینہ سکریٹری اور آیوش وزارت کے سکریٹری بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو کرونا وائرس سے نمٹنے میں صحت کے شعبہ کے مکمل ورک فورس کا استعمال کرنا چاہئے۔ حکومت کو ضرورت پڑھنے پر آیوش سے منسلک غیر سرکاری ڈاکٹروں کی مدد لینی چاہئے۔ انہوں نے آیوش کے لئے دوا بنانے والے اداروں سے سینٹائزر جیسے ضروری پیداوار بنانے کے لئے بھی کہا۔
مسٹر مودی نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں ٹیلی میڈیسن کے استعمال پرزور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی دوری بنانے پر زور دیا جانا چاہئے۔
وزیراعظم نے اس مشکل حالات میں ذہنی تناؤ کم کرنے اور جسمانی طاقت بڑھانے کے لئے آیوش وزارت کے ’یوگ ایٹ ہوم ابھیان‘ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آیوش طبی تعلیمی اداروں کو حقائق پر مبنی تحقیق کرنی چاہئے جس سے اس روایت پر لوگوں کے اعتماد میں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے عالمی سطح پر ملک کے روایتی علاج کو بڑھاوا دینےپر بھی زور دیا۔