نئی دہلی، 31 مارچ ؛ کانگریس کے سابق صدر اور سینئر لیڈرراہل گاندھی نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے غریبوں کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے، حکومت کو عوامی مفاد میں قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کرنا چاہئے۔
مسٹر گاندھی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ ان کی پارٹی اس معاملے کو پارلیمنٹ میں بھی اٹھا رہی ہے لیکن حکومت اپوزیشن کے مطالبے کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کنٹرول کرے۔
کانگریس لیڈر نے کہا، “پارلیمنٹ میں کانگریس پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر لیڈران اور کارکنان پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کر رہے ہیں۔ پچھلے 10 دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 9 بار اضافہ کیا گیا اور اس کی سیدھی چوٹ غریب عوام پر پڑ رہی ہے، لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں مسلسل احتجاج کرے گی۔ اس اضافے سے حکومت کو ہزاروں کروڑ روپے کی آمدنی ہو رہی ہے۔ حکومت کا سیدھا فارمولہ ہے کہ غریبوں کی جیبوں سے پیسہ نکال کر اپنے ذخائر بھرو۔