نئی دہلی، 26 جون (یوا ین آئی) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ چین کی سرحد پر جنگ کا ماحول ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری سے بھاگ نہیں سکتی۔جمعہ کو یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں محترمہ گاندھی نے کانگریس کے ذریعہ جمعہ کے روز شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ’شہداء کو سلام‘ کے موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ چین ہماری سرحد میں داخل نہیں ہوا ہے، تو حکومت یہ بتائے کہ ہمارے 20 فوجی کیسے شہید ہوئے ہیں۔
چینی فوج وادی گلوان میں نئی تعمیرات اور نئے بنکر تعمیر کرکے سرحدوں کی خلاف ورزی کررہی ہے اور سیٹیلائٹ کی تصویر سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ چین نے سرحد پر اپنی فوجی پوزیشن کو مضبوط کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارا ملک ہماری فوج کے ہاتھوں میں محفوظ ہے اور کانگریس پارٹی حکومت اور فوج کے ساتھ پوری طرح کھڑی ہے۔ چینی دراندازی کی تصدیق مختلف ذرائع سے کی گئی ہے لیکن مسٹر مودی کا کہنا ہے کہ کسی نے بھی قبضہ نہیں کیا ہے۔ مسٹر مودی کو ہندوستان کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی بجائے یہ بتانا چاہئے کہ چینی فوجی کب اور کیسے ہماری سرحد سے باہر ہوں گے۔
مسٹر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا کہ پورا ملک اس ملک کی حفاظت کے لئے حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن لداخ کے لوگ، فوجی جنرل، سیٹیلائٹ کی تصاویر بتا رہے ہیں کہ ہندوستان کی سرحد پر چین کی ایک نہیں بلکہ تین جگہوں پر قبضہ کیا ہے۔ اس سچائی کو کیوں چھپایا جارہا ہے۔