نئی دہلی،11فروری(یواین آئی)بہوجن سماج پارٹی کے ویر سنگھ نے منگل کو راجیہ سبھا میں حکومت پر سرکاری نوکریوں مین ریزرویشن کا انتظام ختم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔
مسٹر سنگھ نے عام بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ درج فہرست ذات وقبائل اور پسماندہ طبقوں کو سرکاری نوکریوں میں جو ریزرویشن کا فائدہ مل رہا ہے اسے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سرکاری نوکریاں ختم کی جارہی ہیں اور سرکاری محکموں کو نجی شعبوں کو دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا برتاؤدرج فہرست ذات و قبائل کے ساتھ دوستانہ ہے تو نجی شعبہ کی نوکریوں میں ریزرویشن کا انتظام کرناچاہئے۔انہوں نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں ججوں کی تقرری میں بھی ریزرویشن کے نظام کو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔
بی ایس پی لیڈر نے کہا کہ حکومت نے سالانہ دو کروڑ لوگوں کوروزگار دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن اسے پورا نہیں کیاگیا۔بے روزگاری 40سال میں سب سے زیادہ ہوگئی ہے اور پڑھے لکھے لوگوں کو روزگار کے موقع نہیں مل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے پاس آمدنی کے ذرائع نہیں ہیں اور کھیت مزدوروں پر توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے اور کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے۔