ابوجا:نائیجیریا کے صدر محمد بحاري نے آج کہا کہ حکومت تمام لڑکیوں کو بوکو حرام کے قبضے سے چھڑائے گي اور اس کے لئے فوج کو تیار رہنے کو کہا گیا ہے ۔
صدر نے یہ بات دہشت گرد تنظیم بوکو حرام کے قبضے سے بچ نکلی امینہ علی نکئي سے ملاقات کے بعد کہی۔ بوکو حرام نے دو سال پہلے جن 219 لڑکیوں کو اغوا کر لیا تھا امینہ ان میں سے ایک ہے اور وہ مل گئی ہے ۔ وہ چبوک کے ایک اسکول میں پڑھتی تھی۔ اسی اسکول پر بوکو حرام کے دہشت گردوں نے دو سال پہلے حملہ کر دیا تھا اور نکئي سمیت 219 لڑکیوں کو اغوا کر لیا تھا۔
دریں اثنا فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے جن 200 لڑکیوں کو اغوا کیا تھا ان میں ایک اور لڑکی مل گئی ہے ۔ فوج کے ترجمان سنی عثمان نے کہا کہ جو دوسری لڑکی ملی ہے اس کا نام سے راہ لوکا ہے اور یہ اغوا شدہ لڑکیوں کی فہرست میں 157 نمبر پر ہے ۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ یہ پیسٹر لوکا کی بیٹی ہے ۔
حکومت کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں کہا، ”ہمارا ایسا خیال ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں ہم باقی دوسری لڑکیوں کو بھی بوکو حرام کے چنگل سے نکال لائیں گے ۔ اس کے لئے فوج کو جنگلوں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے ”۔صدر نے کہا کہ حکومت باقی 200 لڑکیوں کو بچانے کے لئے جو بھی کوشش ممکن ہوگی وہ کرے گی۔ امینہ نے بوکو حرام کے بارے میں ہمیں جو بھی معلومات دی ہے وہ ہمارے لئے ایک موقع ہے تاکہ ہم باقی دوسری لڑکیوں کو بھی دہشت گردوں سے قبضے سے آزاد کرا سکیں۔
مسٹر بحاري نے کہا کہ امینہ جیسی لڑکیوں کو پھر سے اسکول بھیجنا حکومت کی ترجیح ہے اور حکومت ہر کسی کو اچھی تعلیم اور اپنے مطابق زندگی بسر کی آزادی یقینی بنانا چاہتی ہے ۔