نئی دہلی، 15 دسمبر (یو این آئی) چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے والے ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ بدھ کو بنگلور کے ایک اسپتال میں چل بسے۔
ان کے انتقال کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے فضائیہ نے ایک بیان میں کہا’’ایئر فورس کو یہ بتاتے ہوئے گہرا دکھ ہورہا ہے کہ بہادر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا انتقال ہو گیا ہے۔ 8 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹرحادثے میں زخمی ہونے والے گروپ کیپٹن سنگھ کا آج صبح انتقال ہوگیا۔ ہندوستانی فضائیہ ان کے انتقال پر گہرے رنج و وغم کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیال رہے تمل ناڈو کے کنور میں جنرل راوت کو لے جانے والے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر میں کل 14 افراد سوار تھے، جن میں سے گروپ کیپٹن ورون سنگھ تنہا اب بھی موت سے لڑ رہے تھے۔
صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔