گاندھی نگر ، 13 ستمبر ؛ گجرات کے نومنتخب وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل آج دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر ریاست کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔
راج بھون میں منعقدہ تقریب میں گورنر آچاریہ دیو ورت انہیں حلف دلائیں گے ۔ وہ اکیلے ہی حلف لیں گے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے موجود رہنے کا امکان ہے۔
مسٹر پٹیل نے گزشتہ شام راج بھون جا کر گورنر کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا تھا ۔ اس موقع پر نریندر سنگھ تومر اور پرہلاد جوشی (دونوں مرکزی وزراء) اور پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری ترون چگ ، ریاستی صدر سی آر پاٹل اور ریاستی انچارج بھوپندر یادو ، سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور کئی سابق وزراء موجود تھے ، لیکن سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل کی عدم موجودگی سے ان کی ناراضگی کی قیاس آرائیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔
حکمراں بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل نے کہا کہ مسٹر پٹیل اکیلے ہی حلف لیں گے ۔ حلف برداری کی تقریب راج بھون میں 2 بجکر 20 منٹ پرمنعقد ہو گئی ۔ پارٹی تنظیم کے ساتھ بات چیت کے بعد اس کے اگلے ایک دو دنوں میں وزراء کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔