گاندھی نگر، 9 دسمبر (یو این آئی)گجرات اسمبلی کے لئے پہلے مرحلے میں جنوبی اور سوراشٹر ۔کچھ علاقے کے انیس اضلاع کی 89سیٹوں پر آج پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی کئی بوتھ پر ووٹروں کی قطاریں لگی تھیں اور ضابطہ کے مطابق ان کے ووٹ ڈالنے کے بعد ہی ای وی ایم مشینوں کو سیل کیا جائے گا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق 65فیصد سے زیادہ پولنگ کا اندازہ ہے ۔کانگریس کی طرف سے پوربندر میں تین بوتھوں پر ای وی ایم کے بلیو ٹوتھ سے منسلک ہونے کی شکایت پر جانچ کے بعد پایا گیا کہ ایک امیدوار کے پولنگ ایجنٹ کے پاس موجود فون کے بلیو ٹوتھ کھلا رہنے کی وجہ سے یہ گڑبڑی ہوئی۔
آمود حلقہ میں ایک ووٹر نے اس کا ووٹ دوسرے امیدوار کے حق میں جانے کی شکایت کی ۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے کئی شکایتیں کی ہیں ان میں وزیر اعلی وجے روپانی کو جو خود بھی امیدوار ہیں کے ووٹ ڈالنے کے دوران احمدآباد میں پریس کانفرنس کرکے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزی کرنے کی شکایت کی گئی۔چیف الیکٹورل افسر نے کہا کہ تمام شکایتوں کی جانچ کی جارہی ہے ۔