اقوام متحدہ 18 نومبر (اسپوتنک) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے جی ۔20 کے ممبر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کے تمام مریضوں کے علاج اور کوویڈ۔ 19 ویکسین کے لئے 28 ارب ڈالر کی رقم فراہم کرے۔
مسٹر گوٹیرس نے منگل کے روز جی ۔20 ممبر ممالک کو ایک تحریری خط میں کہا ’’ میں جی ۔20 ممالک سے ترقی پذیر ممالک سمیت جن ممالک میں نظام صحت اور معیشت کمزور ہے، ان کے لئے کوویڈ 19 ٹولز ایکسلیٹر (اے سی ٹی ایکسلیٹر)، کو۔ویکس ویکسین اور ضروری طبی اشیا تیار کرنے کے لئے 28 ارب ڈالر کے مالی خلاء کو پر کرنے کی اپیل کرتا ہوں‘‘۔
انہوں نے جی 20 ممالک سے ترقی پذیر ممالک کو کوویڈ ۔19 کی وبا سے موثر انداز میں نپٹنے اور عالمی کساد بازاری کےبحران کو روکنے کے لئے فعال بنانے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ویکسین میں قوم پرستی کی مخالفت کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جی 20 ممالک کی 21 اور 22 نومبر کو آن لائن میٹنگ ہونے والی ہے۔