چنئی:مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)نے کروڑوں روپے کے گٹکے گھوٹالے میں بدھ کو تمل ناڈو کے وزیر صحت سی وجے بھاسکر ،ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ٹی کے راجیندر اور اڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس جارج کی رہائش گاہ سمیت 30 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے ۔
سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر بھی رامننا اور ولی پورم اور ایک کرانے کی دکان کے مالک کی رہائش گاہ پر بھی چھاپے مارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباًآٹھ بجے شروع ہوئے چھاپے اب تک جاری ہیں۔سی بی آئی کی انسداد بدعنوانی یونٹ کی خصوصی ٹیم چھاپے ماررہی ہے ۔یہ پہلی بار ہے جب سی بی آئی ریاست کے ڈی جی پی کی رہائش گاہ پر تلاشی لے رہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مسٹر راجیندر اور مسٹر جارج کے قریبی مانے جانے والے سبھی حالیہ اور سابق پولیس افسران کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایک انڈین ریوینیو سروس (کسٹم ڈیوٹی)افسر اور خوراک کے تحفظ اور محکمہ محصولات کے کچھ افسران کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یہ چھاپے ایم ڈی ایم گٹکا کے مالک مادھو راو سے سی بی آئی کی پوچھ تاچھ کے کچھ دن بعد مارے گئے ہیں۔سی بی آئی نے ان لوگوں سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے جنہوں نے مبینہ طورپر اعلی افسران کو رشوت دی اور ان کے بیان بھی درج کئے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گٹکا گھوٹالہ آٹھ جولائی 2017 کو تب سامنے آیا جب محکمہ محصولات نے ٹیکس چوری کے شبہ میں ایک گٹکا کمپنی کے مالک کے گھر چھاپے مارے ۔اس پر تقریباً 250کروڑ کی ٹیکس چوری کا الزام تھا۔گٹکا کمپنی کے مالک کے گھر کے علاوہ گودام اور دفتر پر بھی چھاپے مارے گئے تھے ۔چھاپے کے دوران افسران کو ایک ڈائری ملی تھی،جس میں ان لوگوں کے نام تھے ،جنہیں مبینہ طورپر پیسے دئے گئے تھے ۔ان میں سے ایک نام ریاست کے وزیر صحت کا بھی تھا۔مدراس ہائی کورٹ نے 26اپریل کو گٹکا گھوٹالے سے متعلق معاملے کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا۔