الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ہندوستان کا اگلا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ سبکدوش ہونے والے راجیو کمار کی جگہ لیں گے۔ وہ کیرالہ کیڈر کے 1988 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔
گیانیش کمار پہلے چیف الیکشن کمشنر ہیں جنہیں الیکشن کمشنروں کی تقرری کے حوالے سے نئے قانون کے تحت تعینات کیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت الیکشن باڈی کے سربراہ کے انتخاب کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں چیف جسٹس کی جگہ وزیر داخلہ کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے کل پیر یعنی 17 فروری کو ان کے نام کو حتمی شکل دی اور صدر کو اس کی سفارش کی۔ الیکشن کمیشن میں اپنے دور اقتدار سے قبل گیانش کمار کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ان میں وزارت دفاع میں جوائنٹ سیکرٹری، وزارت داخلہ میں جوائنٹ سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت پارلیمانی امور میں سیکرٹری اور وزارت تعاون میں سیکرٹری جیسے عہدے شامل ہیں۔ انہوں نے آئی آئی ٹی کانپور سے سول انجینئرنگ میں B.Tech کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے بزنس فاننس اورہارورڈ یونیورسٹی سے ماحولیاتی معاشیات کی تعلیم بھی حاصل کی ہے۔
اس سے قبل گیانش کمار مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ وزارت داخلہ میں کام کر چکے ہیں۔ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کو ہٹانے کے وقت، وہ امت شاہ کی قیادت میں وزارت داخلہ میں کشمیر ڈویژن میں جوائنٹ سکریٹری کے طور پر تعینات تھے۔
مزید یہ کہ 2020 میں انہیں ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ انہوں نے ایودھیا کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق تمام معاملات کو دیکھنے کے لئے وزارت داخلہ میں ایک ڈیسک کی قیادت بھی کی ۔