اعظم گڑھ:آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے سفرحج سے جی ایس ٹی نہ ہٹائے جانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے عازمین حج کے مفاد میں اسے جلد ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
سمیتی کے قومی صدر اور مرکزی حج کمیٹی کے سابق رکن حافظ نوشاد احمد اعظمی نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے مذہبی فریضے سے تعلق رکھنے والے اس معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھنڈارے پر سے جی ایس ٹی ختم ہو سکتی ہے تو حج سے کیوں نہیں؟انہوں نے عازمین حج کے مفاد میں حج سے 18 فیصد جی ایس ٹی کوفوری طورپرہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
مسٹر اعظمی نے کہا کہ سبسڈی ختم ہوجانے سے حج کے سفر پر پہلے سے ہی حج کرائے کے بوجھ میں اضافہ ہوا ہے ۔ایسے میں18 فیصد جی ایس ٹی کا نافذ ہونا ناانصافی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس صورت حال کے پیش نظر سمیتی کی طرف سے گزشتہ تین ماہ سے مسلسل عوامی تحریک چلائی گئی اور ممبران پارلیمنٹ، مرکزی وزرا، وزیر اعظم اور صدرجمہوریہ تک کو خط لکھا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ حج کا سفر سستا ہو گیا ہے ۔ مسٹر اعظمی نے کہا کہ سفر حج 20 فیصد سے لے کر 40 فیصد مہنگا ہوا ہے ۔ انہوں نے اسے مرکز کی این ڈی اے حکومت کی دین قرار دیا۔