شمالی غزہ میں حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے۔ حماس نے تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد شمالی غزہ میں ہونے والے تازہ اسرائیلی حملوں میں تنظیم کے ترجمان عبداللطیف القانوع شہید ہوئے ہیں، جو حالیہ دنوں میں ہلاک کیے گئے حماس کے اعلیٰ عہدے داروں میں سے ایک ہیں۔
الاقصیٰ ٹی وی کے مطابق جس وقت اسرائیلی فوج نے فضائی حملوں کے دوران جبالیہ میں ان کے پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا اس وقت ترجمان عبداللطیف القانوع کیمپ میں موجود تھے۔
طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسی حملے میں متعدد افراد بھی زخمی ہوئے جبکہ غزہ سٹی میں ہونے والے مختلف حملوں میں تقریباً 6 اور جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں 1 شخص ہلاک ہوا۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں اسرائیلی حملے میں حماس کے رکن اسماعیل برہوم اور سینئر رہنما صلاح البرداویل بھی ہلاک ہو گئے تھے۔