نئی دہلی ، 19 فروری ( یواین آئی ) وزیر صحت ہرش وردھن نے جمعہ کے روز کہا کہ دنیا میں آیور وید کی قبولیت میں اضافہ ہورہا ہے اور کورونا دور کے بعد ملک میں آیورویدک ادویات کا کاروبار 50 سے 90 فیصد کی شرح سے بڑھ رہا ہے ۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے پتنجلی کی کورونا کی تسلیم شدہ دوا کورو نل کو جاری کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کورونا کے دور سے پہلے آیورویدک ادویات کا کاروبار 15 سے 20 فیصد کی شرح سے بڑھ رہا تھا ، جس میں اب 50 سے 90 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ کورونا کے دور سے پہلے ملک میں آیورویدک کمپنیوں کا مجموعی سالانہ کاروبار 30000 کروڑ روپے کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں آیورویدک ادویات کی بڑھتی ہوئی قبولیت کی وجہ سے اس کے کاروبار میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس سے برآمدات میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے لوگ آیوروید ک ادویات کا استعمال بھی کرتے ہیں لیکن اسے قبول نہیں کرنا چاہتے۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے جدید سائنسی طریقے سے آیور وید کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا مستفید ہو گی اور ملک کا وقار بھی بڑھے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت نے آیور وید کو تسلیم کیا ہے اور آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، کیوبا ، ماریشیس ، نیپال ، بنگلہ دیش ، سری لنکا ، ہنگری وغیرہ جیسے ممالک نے بھی با ضابطہ طور پر ا سے تسلیم کیا ہے ۔ ہندوستان کا آیورویدک ڈاکٹر نیوزی لینڈ میں امتحان دینے کے بعد وہاں علاج کرسکتا ہے۔