ہریانہ: گروگرام واقع مسجد میں نمازیوں پر حملہ کے تعلق سے 200 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہندوؤں کی بالادستی والے علاقے میں مسلمانوں کے کچھ ہی گھر ہیں، کچھ مقامی لوگوں نے نمازیوں کو دھمکایا اور گالی دی اور انھیں علاقہ خالی کرنے کے لیے کہا۔
ہریانہ کے گروگرام واقع بھوراکلاں گاؤں میں ایک مسجد میں نمازیوں پر حملہ کرنے کے الزام میں پولیس نے 200 سے زائد لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ صوبیدار نذر محمد کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے بلاسپور تھانہ میں تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ شکایت میں تذکرہ کیا گیا ہے کہ جمعرات کی علی الصبح ملزمین نے مسجد پر حملہ کیا، نمازیوں کو پیٹا اور مسجد کو باہر سے بند کر دیا اور پھر فرار ہو گئے۔