روہتک۔ ہریانہ کے روہتک میں بدمعاش اس قدر بے خوف ہیں کہ دن دہاڑے ایک سرکاری اسکول میں گھس کر ایک استاد کو گولی مار کر قتل کردیا۔ یہی نہیں بدمعاشوں کی تابڑ توڑ فائرنگ میں ایک خاتون ٹیچر بھی بری طرح زخمی ہو گئی۔ زخمی خاتون استاد کو علاج کے لئے پی جی آئی میں بھرتی کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔ یہ پورا معاملہ روہتک کے مہم تحصیل کے بھیراوں گاؤں میں واقع ایک سرکاری اسکول کا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد مہم تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی چھان بین میں مصروف ہو گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، لیکن اب تک کسی بھی بدمعاش کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ پولیس نے بدمعاشوں کو پکڑنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ واقعہ کے پیچھے پرانی رنجش بتائی جا رہی ہے۔ دراصل، اسکول کی چھٹی کے کچھ ہی دیر بعد وہاں استاد بھی جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ اس دوران دو سے تین کی تعداد میں بدمعاش اسکول میں آئے اور آتے ہی انہوں نے استاد دھرمیندر پر تابڑ توڑ فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں دھرمیندر اور خاتون استاد نیرج شدید زخمی ہو گئے۔