ہریانہ میں انبالا کینٹ ریلوے اسٹیشن کے ڈائریکٹر کو ایک دھمکی آمیز خط ملا ہے۔ اس خط میں ہریانہ اور اترپردیش کے کئی ریلوے اسٹیشنوں پر دھماکے کی وارننگ دی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق انبالا کینٹ اسٹیشن کے ڈائریکٹر بی ایس گل کو اپنے ٹیبل پر یہ خط ملا ہے۔
دھمکی آمیز خط کے لفافے پر کسی بھی پوسٹ آفس کا اسٹیمپ نہیں ہے اور مانا جارہا ہے کہ کوئی شخص خود ہی یہ خط ٹیبل پر رکھ کر گیا ہے۔ خط بھیجنے والے نے خود کو لشکر طیبہ کے کشتواڑ اور کراچی ایریا کا کمانڈر مولوی ابو بخاری بتایا ہے۔ جی آر پی انبالا کے ایس ایچ او کے مطابق اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
خط میں لکھا ہے کہ انبالا کینٹ ، جگادھری ، سہارنپور ، اکھل ، حصار ، کرنال ، روہتک اور پانی پت ریلوے اسٹیشن پر 20 اکتوبر کو دھماکے کئے جائیں گے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ فوجی کیمپس ، ریلوے برج اور پٹرول پمپ کو بھی نشانا بنایا جائے گا۔ پولیس نے بتایا کہ اس خط کے لفافے پر لشکر طیبہ تنظیم کا نام لکھا ہے۔ دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد سیکورٹی بندوبست سخت کردئے گئے ہیں۔