ریواڑی کے ایک گاؤں کی رہنے والی نا بالغ والی بال کھلاڑی نے اپنے ہی کوچ پرعصمت دری کرنے جیسے سنگین الزام لگائے ہیں۔ اپنی تحریری شکایت میں متاثرہ نے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو بتایا کہ اس کا کوچ اسے روہتک، سونی پت ،گروگرام سمیت کئی مقامات پر ہوٹلوں میں لے جا کر اس کی ڈھائی سالوں سے عصمت دری کر رہا تھا۔
متاثرہ کو ملزم کوچ نے کسی کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ اب متاثرہ کی شکایت پر پولیس نے ملزم کے خلاف پوکسواور دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی ہے لیکن ابھی ملزم کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔
متاثرہ نے بتایا کہ کوچ نے گزشتہ ماہ پھر کہیں باہر مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے کہا۔ لیکن کھلاڑی نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس کوچ کے ساتھ جانے سے صاف انکار کر دیا۔ایک باصلاحیت کھلاڑی ہونے کی وجہ سے ان کے کنبے کو اس سے بہت امیدیں تھیں۔ لیکن کھیل سے منھ موڑ لینے کی بات پر انہیں شک ہوا۔ اس کے بعد پوچھ گچھ کرنے پر اس نے ساری بات اپنی ماں کو بتائی۔