ہوانا، 7 مئی (یو این آئی/ژنہوا) کیوبا کے شہر ہوانا کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں زبردست دھماکہ ہوجانے سے کم از کم 18 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع سرکاری ذرائع نے دی ہے۔
کیوبا کی وزارت صحت کے ہسپتال سروسز کے سربراہ جولیو گویرا نے ایک پریس کانفرنس میں دھماکے سے 18 افراد ہلاک اور 50 سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
اس سے قبل رپورٹ میں آٹھ افراد ہلاک اور 30 لوگوں کو اسپتال میں داخل کرانے کی بات کہی گئی تھی۔
کیوبا کے صدارتی دفتر نے جمعہ کو ایک ٹویٹ میں کہا ’’صوبہ کے ہیلتھ ڈائریکٹر ایمیلیو ڈیلگاڈو ایزناگا نے تصدیق کی ہے کہ ہوانا میں طبی نظام مکمل طور پرسرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد لوگ خون کا عطیہ دینے کی پیشکش کر رہے ہیں۔
صدارتی دفتر کے مطابق، جمعہ کی صبح ساراٹوگا ہوٹل میں دھماکہ گیس کے اخراج کی وجہ سے ہواہے۔
صدارتی دفتر کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری فوٹو کے مطابق دھماکے کے بعد کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے جائے وقوعہ اور ہوانا کے ایک مقامی ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں متعدد زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔