اس وقت بیشتر کمپنیاں اسمارٹ فونز کے فرنٹ پر بیزل ختم کرنے کے لیے بیزل کا سہارا لے رہی ہیں مگر ایک چینی کمپنی نے اس کا ایک انتہائی منفرد حل ڈیوائس کے بیک پر ایک ڈسپلے کی شکل میں پیش کردیا ہے۔
نوبیا نامی کمپنی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون ‘نوبیا ایکس’ متعارف کرایا ہے جو کہ اپنی طرز کا دنیا کا پہلا فون ہے جس کے فرنٹ پر 6.26 انچ کی ایچ ایچ ڈی پلس ایل سی ڈی اسکرین دی گئی ہے جو کہ لگ بھگ بیزل لیس ہے، جبکہ بیک پر 5.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے موجود ہے۔
کمپنی نے فون میں 2 ڈسپلے دے کر فرنٹ کیمرے کی ضرورت ہی ختم کردی ہے کیونکہ بیک پر موجود مین کیمرے ہی سیلفی لینے کا کام کریں گے۔
اور سب سے متاثرکن بات یہ ہے کہ بیک پر موجود ڈسپلے کو سوئچ آف کیا جائے تو رنگا رنگ گلاس بیک نمایاں ہوجاتی ہے، جس کا مظاہرہ آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔
جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ بیک ڈسپلے کا مقصد سیلفی لینے میں مدد دینا ہے اور اس کے لیے 16 میگا پکسل اور 24 میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ کیمرہ کا پورٹریٹ موڈ اے آئی ٹیکنالوجی سے چہرے کے فیچرز، عمر، جلد کی رنگت اور دیگر خصوصیات کا تجزیہ کرکے بہترین سیلفی لینے میں مدد دیتا ہے۔
ویسے سیلفی سے ہٹ کر بیک پر موجود او ایل ای ڈی ڈسپلے سے دیگر ایپس یا روزمرہ کے کام بھی ویسے کیے جاسکتے ہیں جیسے فرنٹ اسکرین پر کیے جاتے ہیں، جس کے لیے ڈیوائس کے دونوں اطراف پر فنگرپرنٹ ریڈر موجود ہیں جو اسکرینز سوئچ کرنے کا کام بھی کرتے ہیں۔