پاکستان کے پاراچنار میں بے گناہ مسافروں پر دہشت گردانہ حملے کے بعد حضرت آیت اللہ سیستانی کے دفتر سے ایک بیان جاری ہوا ہے، جس میں حہاں اس دہشتگردانہ حملے کی شدید لفظوں میں مذمت کی گئی ہے وہیں پاکستان کی حکومت کو یہ نصیحت بھی کی گئي ہے کہ وہ پاکستان میں آئے دن شیعہ مسلمانوں پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی روک تھام کے لئے کوئی ٹھوس قدم اٹھائے۔
پاکستان کے شہر پاراچنار میں بے گناہ مسافروں پر دہشت گردانہ حملے کے بعد آیت اللہ سیستانی کے دفتر نے ایک بیان جاری کیا ہے۔
بیان کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
(إنا لله وإنا الیه راجعون)
پاکستان کے شہر پاراچنار کے ایمان والے بھائیوں اور بہنوں سلام علیکم، اللہ سبحانہ تعالی آپ سب کو عزت کے ساتھ سلامتی عطا کرے۔
ایک بار پھر، پتھر دل دہشت گردوں نے ایک ہولناک جرم کا ارتکاب کیا اور پاراچنار سے پشاور جانے والے مسافروں پر مسلح حملہ کرکے بڑی تعداد میں بے گناہ مومنین کو شہید اور زخمی کردیا۔
آپ سبھی عزیزوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور غمزدہ خاندانوں سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ہم اس تلخ واقعے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں اور ساتھ ہی سب ہی شہداء کے بلند دراجات کی تمنا کرتے ہیں۔
حوزہ علمیہ نجف اشرف اور مراجع کرام، مسلمانوں کے اتحاد کو نشانہ بنانے والے اس بھیانک جرم کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی معزز حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشت گرد گروہوں کے ظلم و بربریت سے نہتے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مزید حفاظتی اقدامات کرے۔ حکومت پاکستان اس بات کی چھوٹ نہ دے کہ بے گناہ مومنوں کو انتہا پسند اور افراطی گروہ کے تشدد اور وحشیانہ حملوں کا نشانہ بننا پڑے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کی سرکردہ قوم کی عزت اور وقار کو برقرار رکھے۔