رانچی : جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے سرخیوں میں چھائے چارہ گھوٹالہ معاملے میں سزا یافتہ بہار کے سابق وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کو آج چھ ہفتے کی عبوری ضمانت (پرویزنل بیل) دے دی۔
جج اپریش کمار سنگھ کی عدالت نے یہاں آر جے ڈی کے صدر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انہیں طبی بنیاد پر چھ ہفتے کی عبوری ضمانت دے دی۔
اس سے قبل مسٹر لالو یادو کے وکیل نے ان کی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے 12 ہفتے کی ضمانت دینے کی اپیل کی ۔ تاہم، عدالت نے 12 ہفتے کی بجائے چھ ہفتے کی ہی عبوری ضمانت منظور کی۔
دوسری طرف، آر جے ڈی صدر کے چھوٹے بیٹے اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کے ساتھ ہی پارٹی کے سینئر لیڈر رگھونش پرساد سنگھ اور شیوانند تیواری کو توہین عدالت کے ایک معاملے میں راحت مل گئی ہے ۔
انہوں نے چارہ گھوٹالہ کے ایک معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی طرف سے لالو یادو کو سزا سنائے جانے کے فیصلے پر تبصرہ کیا تھا، جسے خصوصی جج شیو پال سنگھ نے عدالت کی توہین سمجھتے ہوئے تبصرہ کرنے والوں کے خلاف نوٹس جاری کیا تھا۔
نوٹس کے خلاف آر جے ڈی لیڈروں نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔ اس اپیل پر سماعت کرتے ہوئے اپریش کمار سنگھ نے نوٹس کو مسترد کر دیا ہے ۔