لکھنؤ:18دسمبر(یواین آئی)بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمو و سابق وزیر اعلی مایاوتی نے کانگریس ، بی جے پی اور ایس پی پر بی ایس پی میعاد کار میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں روکاوٹ پیدا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی مفادات کی تکمیل کے لئے پرانے پروجکٹوں کو کئی حصوں میں تقسیم کر کے اس کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھ رہی ہے۔
بی ایس پی سپریمومایاوتی نے بی ایس پی میعاد کار میں ہی گنگا ایکسپریس وے کی تعمیر کی کوششوں کا ذکر تے ہوئے ٹوئٹ کیا اور لکھا’بی ایس پی حکومت نوئیڈا سے بلیا تک 8لین کے گنگا ایکسپریس وے کے ذریعہ دہلی کو پوروانچل سے سیدھے جوڑکر سیلاب کے ساتھ ساتھ علاقے کی غریبی، نقل مکانی و بےروزگاری کے مسائل کو دور کرنے کی کوشش کررہی تھی لیکن اس وقت کانگریس، بی جے پی اور ایس پی نے اس میں روکاوٹ پیدا کی اور اس کی مخالفت کی۔
انہوں نے ایک دوسرے ٹوئٹ میں سیاسی مفادات کی تکمیل کے لئے پروجکٹوں کے افتتاح کرنے کا الزام لگاتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا’اس کے بعد یوپی میں ایس پی اور اب بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت 10سال گزرنے کے بعد اب اسمبلی انتخابات کو نزدیک دیکھ کر گنگا ایکسپریس وے کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے اس کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔