بداللہ موسیٰ حسین، جو سوشل میڈیا پر “Amuscap” کے نام سے مشہور ہے، نے شمالی شہر کانو کی ایک اعلیٰ عدالت میں جرم قبول کرلیا ہے—فوٹو: بی بی سی
پاکستان میں شادیوں میں بارات کے موقع پردلہے والوں کی جانب سے کرنسی نوٹ لٹانا ایک عام سی بات ہے، باراتی شادی کی خوشی میں نوٹوں کی بارش کر دیتے ہیں۔
لیکن نائجیریا میں ایک دلہے کو اپنی شادی پر نوٹ نچھاور کرنا اس قدر مہنگا پڑگیا کہ اسے قید کی سزا سنا دی گئی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نائجیریا کے میک اپ آرٹسٹ عبداللہ موسیٰ حسینی کو اپنی شادی پر قومی کرنسی “نائرا” کی توہین کے الزام میں 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ گزشتہ دسمبر میں اُس وقت پیش آیا جب عبداللہ اپنی شادی کی تقریب میں رقص کرتے ہوئے نوٹ اچھال رہا تھا۔
نائجیریا میں بھی شادیوں اور دیگر تقریبات میں نوٹ نچھاور کرنا ایک عام روایت ہے، جو خوشی کے اظہار اور دولت مندی دکھانے کا ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔
لیکن نائجیریا کی اقتصادی و مالیاتی جرائم کمیشن (EFCC) اس عمل کے خلاف مہم چلا رہا ہے، جس کے مطابق یہ قومی کرنسی نائرا کی بے حرمتی ہے، جو ملک کی اہم ترین علامات میں سے ایک ہے۔
عبداللہ موسیٰ پر الزام تھا کہ اس نے تقریب کے دوران ناچتے ہوئے ایک لاکھ نائرا کے نوٹ نچھاور کیے، جو 2007 کے سینٹرل بینک آف نائجیریا ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
اس قانون کے تحت کرنسی نوٹ لٹانا،یا اس پر چلنا جرم ہے، جس کی سزا کم از کم 6 ماہ قید یا 50 ہزار نائرا جرمانہ، یا دونوں ہوسکتے ہیں۔
عبداللہ، جو سوشل میڈیا پر “Amuscap” کے نام سے مشہور ہے، نے شمالی شہر کانو کی ایک عدالت میں جرم قبول کرلیا ہے جس کے بعد اب اسے سزا سنائی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے عبداللہ کو سزا دیے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ سزا بہت زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک صارف نے کہا کہ قوم کا پیسا لوٹنے والوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے لیکن اپنی ہی شادی میں اپنی کمائی کے پیسے اچھالنے پر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ یہ سراسر ناانصافی ہے۔