ایرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی مہدی نے سی ٹی وی ایس میں او پی ڈی یونٹ کا کیا افتتاح
لکھنو_¿۔ اب امراض قلب سے متاثر مریضوں کو کے جی ایم یو اور پی جی آئی کے علاوہ ایراز میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں بھی سرجری کی سہولت مل سکے گی۔ جمعرات کو اسپتال کے سی ٹی وی ایس میں او پی ڈی خدمات شروع ہوگئیں۔ او پی ڈی یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی مہدی نے صدر شعبہ ڈاکٹر خالد کو مبارک باد دی۔
ڈاکٹر خالد نے بتایا کہ ابھی تک قلب کے مریضوں کا علاج کارڈیالوجی شعبہ میں ہوتا رہا ہے لیکن اب قلب کی سرجری کی خدمات سی ٹی وی ایس (کارڈیو تھوریسک ویسکولر سرجری) شعبہ میں شروع ہونے جا رہی ہیں۔ سرجری کی خدمات ایک ہفتہ بعد شروع ہوں گی۔ اس سے قبل جمعرات سے او پی ڈی خدمات شروع کر دی گئی ہیں۔ او پی ڈی یونٹ میں ڈاکٹر خالد اپنی ٹیم کے ساتھ مریضوں کا علاج کریں گے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کر چکے ڈاکٹر خالد ممتاز ماہر امراض قلب ہیں اور کئی بڑے طبی اداروں میں اپنی خدمات دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر خالد بنگلور فورٹس اسپتال ، کولکاتا کے ایم بی ایم برلا ہاسپٹل و میڈیکا ہاسپٹل میں بطور ماہر امراض قلب کام کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ او پی ڈی میں آنے والے مریض کو طبی مشورہ دینے کے ساتھ ضرورت کے مطابق ان کی سبھی جانچیں کی جائیں گی۔ جانچ میںاگر سرجری کی نوبت آئی تو قلب و اس سے متعلق اعضاءکی سرجری کی سہولت اسپتال میں ہی فراہم کرائی جائے گی۔
او پی ڈی یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی مہدی نے کہا کہ یہ ترقی کی جانب بڑھایا گیا ایک قدم ہے۔ انہوں نے صدر شعبہ ڈاکٹر خالد کو یقین دہانی کرائی کہ یونٹ کو مزید توسیع دینے میں انتظامیہ کی جانب سے پورا تعاون دیا جائے گا۔ پروفیسر مہدی نے بتایا کہ آنے والے وقت میں اسپتال میں ایراز میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں کینسر کے مریضوں کا مکمل علاج ہوگا۔ ایراز ،کینسر کے ریسرچ اور علاجکے سینٹر کی طرح کام کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ پروگرام میں ایراز میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایم ایم فریدی سمیت کئی دیگر ڈاکٹر اور افسر موجود تھے۔
کیرل کے سیلاب متاثرین کو ’ایرا‘ نے دی دس لاکھ کی مدد
ایرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی نے بتایا کہ ایرا یونیورسٹی کی جانب سے کیرل کے سیلاب متاثرین کیلئے دس لاکھ روپئے کی مالی مدد دی جا رہی ہے۔ امدادی رقم وزیراعلیٰ راحت فنڈ میں جمع کرائی جائے گی۔ انہوںنے ایرا یونیورسٹی اور ایراز میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں اور طلباءو طالبات اور ملازمین سے اپیل کی کہ اگر کوئی سیلاب متاثرین کیلئے مدد کرنا چاہتا ہے تو آگے آکر مدد کر سکتا ہے۔