بہرائچ: اترپردیش کے ضلع بہرائج میں محبوبہ کی شادی سے دلبرداشتہ عاشق نے خودکشی کرلی۔ یہ اطلاع ملتے ہی گرل فرینڈ نے بھی جان دے دی۔ دونوں کی موت کی خبر سنتے ہی گھر والوں میں کہرام مچ گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقعے پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔
جانکاری کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بہرائچ کے خیر گھاٹ تھانہ حلقے میں پیش آیا۔ در اصل مہنت پوروا بانس گڑھی کے رہنے والے جوت پرساد کی 18 سالہ بیٹی انجلی عرف درگا کی شادی مانجھا دریا برد کے منا ولد گوبرے سے سات جون کو ہوئی تھی۔
اس شادی کی وجہ سے لڑکی کے پڑوس میں رہنے والا 19 سالہ پرمکھ ولد گوتم کافی دلبرداشتہ تھا۔
بالآخر پرمکھ یہ صدمہ برداشت نہیں کر سکا اور بدھ کے روز اس نے خودکشی کرلی۔ وہیں جیسے ہی اس کی خودکشی کی خبر اس کی گرل فرینڈ انجلی کو ملی جس کی کسی اور سے شادی ہو چکی تھی، اس نے بھی اپنی جان دے دی۔
خیری گھاٹ تھانہ کے انچارج سورج رانا نے بتایا کہ عاشق نوجوان پرمکھ چار دن پہلے ہی ممبئی سے آیا تھا۔ آج صبح چائے پینے کے بعد وہ گھر سے نکلا اور کھیت میں جاکر خودکشی کرلی۔ اس کی معشوقہ رہی انجلی کو جیسے ہی اس کی خودکشی کی اطلاع ملی، اس نے بھی اپنی جان دے دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پر پہنچ گئی اور قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ فی الحال معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ گرل فرینڈ کی شادی کے بعد سے بوائے فرینڈ بہت صدمے میں تھا اور اچانک اس نے یہ انتہائی قدم اٹھا لیا۔
فی الحال لڑکی اور لڑکے کے گھر والوں اور دیگر متعلقین سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس معاملے میں مزید کارروائی کی جائے گی۔