سانتا باربرا: امریکی ماہرینِ ماحولیات کی ایک وسیع تحقیقی ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ دنیا بھر کے شہروں میں 33 سال کے دوران گرمی کی شدت اوسطاً 400 فیصد بڑھ چکی ہے جبکہ اس میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 1985 سے اب تک عالمی شہری آبادی 2 ارب سے بڑھ کر 4 ارب 40 کروڑ یعنی دگنی سے بھی زیادہ ہوچکی ہے جس کی وجہ سے شہروں کے انتظامی مسائل میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے جن میں ماحولیاتی مسائل کا بڑا حصہ ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سانتا باربرا، کولمبیا یونیورسٹی نیویارک، یونیورسٹی آف منیسوٹا، اور یونیورسٹی آف ایریزونا کے ماہرین نے اس مشترکہ تحقیق میں ساری دنیا کے 13,000 سے زائد شہری مقامات کی موسمیاتی کیفیات، درجہ حرارت اور سال میں گرم ترین دنوں سے متعلق اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔
یہ اعداد و شمار 1983 سے 2016 تک، مصنوعی سیارچوں سمیت مختلف ذرائع سے جمع کیے گئے تھے۔