کرمان کے گلزار شہدا قبرستان کے راستے میں، جہاں شہید قاسم سلیمانی کی قبر ہے، دو زور دار دھماکے ہوئے ہیں۔ سحر نیوز/ ایران: تسنیم نیوز کے مطابق ہونے والے دہشتگردانہ دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 103 افراد شہید اور 211 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس سے شہداء کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔دھماکے کے بعد ہجوم میں بھگدڑ مچ گئی ۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریپڈ ایکشن فورس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ دھماکے شہید سلیمانی کے مزار پر آنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کو نشانہ بنانے کیلئے کئے گئے۔ذرائع نے خودکش حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھماکے خودکش نہیں تھے بلکہ ریموٹ کنٹرول سے بیگ میں رکھے گئے بموں کے ذریعے کئے گئے۔
ایران کی حکومت نے کرمان میں دہشتگردانہ دھماکوں اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع پر کل بروز جمعرات پورے ایران میں عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔