مدینہ منورہ: سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعہ کو بارش اور آندھی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ مدینہ منورہ ائیر پورٹ پر پروازیں معطل رہیں۔منیٰ، عرفات، مزدلفہ اور مکہ مکرمہ میں گرد آلود آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ مدینہ منورہ اس کے قریوں اور نجران میں گرد آلود ہواؤں اور اس کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوگئی جبکہ ژالہ باری بھی ہوئی ۔
سعودی خبررساں ادارہ ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ میں پہلے گرد آلود ہوائیں چلیں، اس کے بعد متعدد کمشنریوں مثلا الحناکیہ، العلا اللعیص، بدر، خیبر، وادی الفرع اور ینبع میں کہیں موسلا دھار اور کہیں اوسط درجہ کی بارش ہوئی۔ المرصد ویب سائٹ کے مطابق گرد آلود اورخوفناک آندھی کے دوران امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ میں پروازوں کا نظام معطل ہوگیا۔
رن وے پر کھڑے ایک طیارے کو نقصان پہنچا۔ آندھی کے باعث کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ اس ضمن میں ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔