لکھنئو۔ اترپردیش کے زیادہ تر علاقوں میں مسلسل ہو رہی آفت کی بارش آج یعنی ہفتہ کے روز بھی جاری ہے۔ ریاست کے الگ الگ حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زبردست بارش کی وجہ سے 44 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ مسلسل ہو رہی بارش کے مدنظر انتظامیہ نے آج بھی انٹر تک کے سبھی اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔

زبردست بارش کی وجہ سے مختلف اضلاع میں معمول کی زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سبھی ضلع مجسٹریٹوں کو حکم دیا ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں تک فوری راحت پہنچانے کو یقینی بنائیں۔ دارالحکومت لکھنئو سیمت اترپردیش کے مختلف اضلاع میں ضلع انتظامیہ نے بھاری بارش کے مدنظر اسکولوں کو ہفتہ کے روز بھی بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

وہیں، اترپردیش کے ضلع مرزا پور کے شہر کوتوالی علاقے میں سنیچر کو ایک مکان کے منہدم ہوجانے سے اس کے ملبے میں دب کر میاں ۔بیوی اور ان کے بیٹے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ کئی دنوں سے ہورہی بارش کی وجہ سے کوتوالی علاقے کے گھنٹہ گھر محلے میں علی الصبح ایک مکان منہدم ہوجانے اسے اس کے ملبے میں میاں۔بیو ی اور ان کا بیٹا دب گئےجس سے ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس او ر مقامی افراد نے سخت مشقت کے بعد تینوں کی لاشیں باہر نکالیں۔








