نئی دہلی، 21 اگست : قومی دارالحکومت دہلی اور این سی آر میں ہفتے کی علیٰ الصباح سے ہونے والی موسلادھار بارش سے مختلف علاقوں میں پانی بھرنے کے سبب آئی ٹی او، منٹو برج سمیت کئی جگہ آمدو رفت بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔
جمعہ اور ہفتے کی وسطی رات سے ہونے والی بارش کے سبب سڑکوں اور تمام نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کے سبب عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ دہلی کے صفدرجنگ میں آج صبح 2:30 سے 5:30 بجے کے دوران 73.2 ملی میٹر بارش درج کی گئی جبکہ اسی دوران پالم میں 11 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق آئی ٹی او، آزاد مارکیٹ انڈر پاس، منٹو برج، مولچند انڈر پاس، پُل پرہلاد پور انڈر پاس سمیت کئی علاقوں میں پانی بھرنے کے سبب آمد و رفت میں خلل پڑ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو گھنٹوں میں دہلی-این سی آر، فریدآباد، غازی آباد، اندرا پورم اور آس پاس کے علاقوں کے کئی مقامات پر درمیانی اور موسلادھار بارش کے جاری رہنے کے آثار ہیں۔
محکمہ نے جمعہ کے روز دہلی اور این سی آر میں بادل چھائے رہنے اور تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
درجہ حرارات کے کم از کم 25 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کے آثار ہیں۔