سڈنی، یکم اپریل ؛) آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں ایک نجی ہیلی کاپٹر کے حادثے کا شکار ہونے سے اس میں سوار پانچوں افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے لیے دن بھر کی تلاشی مہم چلائے جانے کے بعد جمعرات کی رات ، ریسکیو ٹیم نےسبھی کی موت کی تصدیق کی۔
یہ حادثہ میلبورن سے 60 کلومیٹر شمال میں واقع بُش لینڈ میں جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب پیش آیا اور 12 گھنٹے بعد وکٹوریہ پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ ہیلی کاپٹر میں ایک پائلٹ کے علاوہ چار افراد سوار تھے۔
چارٹرڈ ہیلی کاپٹر نجی کمپنی مائیکرو فلائٹ کا تھا جس نے جنوبی میلبورن سے ٹیک آف کیا تھا۔
قائم مقام انسپکٹر جوش لانگیلن نے جمعرات کو میڈیا کو بتایا کہ ’آج صبح ابر آلود تھی، ایک ہیلی کاپٹر وہاں سے گزر رہا تھا، تو پایا کہ دوسرا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہے۔ پولیس کو اطلاع دی گئی ‘۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے حادثے کے بعد رات بھر چھان بین جاری رکھی اور اب جمعہ کو آسٹریلیائی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو مزید مزید تحقیقات کرے گا۔