اس ہفتے رچا چڈھا کی تین الفاظ پر مشتمل ایک ٹویٹ نے انڈیا میں ہنگامہ برپا کر دیا جس کے بعد انھیں نہ صرف اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنی پڑی بلکہ معافی بھی مانگنی پڑی۔ رچا کی اس ٹویٹ پر نا صرف ٹرولرز بیتاب ہو اٹھے بلکہ فلموں کا بائیکاٹ کرنے والی منڈلی بھی حرکت میں آ گئی اور رچا کی نئی فلم ‘فکرے تھری’ کے بائیکاٹ کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔
دراصل حال ہی میں رچا نے ناردرن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کے اس بیان سے متعلق پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے ایک تبصرہ کیا تھا۔ اوپیندر دویدی نے کہا تھا کہ ‘اگر حکم ملا تو انڈین فوج پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کو واپس لینے کے لیے تیار ہے۔’
رچا نے اس بیان کے جواب میں صرف اتنا لکھا ‘ گلوان سے ہیلو’۔
پھر کیا تھا رچا کے اس طنز نے جیسے آگ سی لگا دی۔ اس کے بعد نہ صرف سوشل میڈیا کے جیالے بلکہ بالی ووڈ میں انوپم کھیر سے لے کر اکشے کمار تک اپنے اپنے دل کا درد بیان کرنے لگے۔
گلوان کے نام پر انڈیا میں پچھلے تقریباً دو سال سے سیاست کا بازار گرم ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ بی جے پی کی دُکھتی رگ ہے۔ ایسے میں رچا کی جانب سے اس دکھتی رگ پر ہاتھ رکھنا انھیں کافی مہنگا پڑا کیونکہ ان کے خلاف نہ صرف پولیس میں رپورٹ ہوئی بلکہ انھیں غدار کہنے سے لے کر ان کی نئی فلم کے بائیکاٹ کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔
Getty Imagesاپنی شناخت کے غلط استعمال سے امیتابھ بچن کافی پریشان ہیں اور انھوں نے عدالت سے بھی رجوع کیا
‘بالی ووڈ کے شہنشاہ’ کہے جانے والے امیتابھ بچن صرف انڈیا ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ایک ایسا برانڈ بن چکے ہیں جن کا نام، آواز اور تصویر ایک میعار کی علامت بن چکی ہے۔
لوگ ان کی آواز کی نقالی کر کے بھی لاکھوں کما لیتے ہیں۔ ان کی مقبولیت کا یہ حال ہے کہ لوگ ان کے نام پر چیزیں بھی فروخت کرتے ہیں۔ کہیں ان کی تصاویر والے کپڑے فروخت ہو رہے ہیں تو کہیں ان کی آواز میں عام استعمال کی اشیا فروخت کی جاتی ہیں۔
ان کے نام پر ڈومین نیم بھی ہے تو کسی نے تو ان کے نام سے لاٹری تک شروع کر دی ہے۔ یعنی ہر جگہ امیتابھ بچن فروخت ہو رہے ہیں اور وہ بھی مفت میں۔
لیکن لگتا ہے کہ شہنشاہ اب اس تماشے سے تنگ آ چکے ہیں اس لیے انھوں نے عدالت کا رخ کیا۔
ان کے وکیل ہریش سالوے اور امِت نائیک نے ایک درخواست دائر کی تھی جس کے جواب میں اب عدالت نے کہا ہے کہ آئندہ سے امیتابھ بچن کی اجازت کے بغیر کوئی بھی ان کا نام، ان کی تصویر یا ان کی آواز کا استعمال نہیں کر سکتا۔
امیتابھ بچن کے وکیلوں کا کہنا تھا امیتابھ کے نام پر نہ صرف جعلی موبائل ایپلیکیشنز ہیں بلکہ امیتابھ بچن ویڈیو کال بھی چلائی جا رہی ہے اور ان کے رتبے، نام اور شہرت کا ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔
کتابوں، گانوں، فلموں اور مختلف پراڈکٹس کے کاپی رائٹس تو موجود ہیں لیکن کسی پرسینیلٹی کے کاپی رائٹس کا یہ غالباً پہلا واقعہ ہے۔
اداکارہ ملائکہ اروڑہ جلد ہی ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر اپنے نئے شو ‘موو ان ود ملائکہ اروڑہ ‘ میں تو نظر آئیں گی ہی ساتھ ہی وہ اس شو کے پروموشن پر بھی کافی وقت اور توانائی صرف کر رہی ہیں۔
مختلف ٹی وی شوز اور میڈیا میں اس حوالے سے انٹرویو دے رہی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر اس شو کے پروموشن کا انھوں نے کچھ الگ ہی طریقہ اختیار کیا ہے۔
اس ہفتے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ملائکہ نے اپنی ایک مسکراتی شرماتی تصویر کے نیچے لکھا ‘اینڈ آئی سے یس’ (یعنی میرا جواب ہے ہاں) جس پر لوگوں کو لگا کہ شاید انھوں نے ارجن کپور کے ساتھ شادی کے لیے ہاں کر دی ہے۔
پچھلے کچھ عرصے سے سوشل میڈیا اور میڈیا میں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ملائکہ اور ارجن کپور شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔
لیکن ان کی یہ ‘ہاں’ شادی کے لیے نہیں بلکہ اپنے نئے شو کے لیے تھی۔ یا یوں کہا جائے کہ یہ اپنے شو کی پبلسٹی کے لیے انھوں نے ایسی مبہم پوسٹ شیئیر کی تھی۔ دیکھتے ہیں کہ پانچ دسمبر سے شروع ہونے والے اس شو میں ملائکہ اپنی زندگی کے کن کن رازوں سے پردہ ہٹاتی ہیں۔