پریاگ راج : الہ آباد ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے سستے غلے کی دکانوں میں تقسیم کی بدعنوانی کی ایس ٹی ایف جانچ کی حالت کی معلومات طلب کی ہے۔ آئندہ سماعت ۱۶؍جون کو ہوگی، یہ حکم چیف جسٹس ہائی کورٹ گووند ماتھر اور جسٹس رمیش سنہا کی بنچ نے سہ کاری سستا غلہ وکریتا یونین ، سرگھنہ میرٹھ کی عوامی مفاد کی رٹ پر دیا ہے۔
غور طلب ہے کہ فرضی آدھار کارڈ پر راشن تقسیم اور اسٹاک میں دھاندلی کی شکایت کی جانچ ریاستی حکومت نے ایس ٹی ایف کو سونپی ہے۔ درخواست گزار کی عوامی مفاد کی رٹ پر عدالت نے ایس ایس پی ایس ٹی ایف لکھنؤ کو ۵؍دسمبر ۲۰۱۸ کو جانچ ۶ مہینے میں مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن اس کے مطابق کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو عدالت میں دوبارہ یہ رٹ داخل کی گئی ہے۔
وہیں ریاستی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل چیف اسٹیڈنگ کونسل رمانند پانڈے نے پہلے دیئے گئے حکم پر عمل کے بارے میں معلومات لینے کےلئے وقت مانگا ہے۔ بنچ نے انہیں وقت فراہم کردیا ہے۔