نئی دہلی‘ 31جولائی (یو این آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی کے سی پی ٹھاکر نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ میاں بیوی کے درمیان علیحدگی میں ہندو خواتین کے حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہئے اورمیاں بیوی رشتہ کو ختم کرنے کا عمل سہل بنایا جانا چاہئے۔
مسٹر ٹھاکر نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہندو خواتین کی شادی کو ختم کرنے کا عمل بیس برس تک طویل ہوجاتا ہے اتنے طویل عرصے میں دوبارہ شادی کی صورت ختم ہوجاتی ہے اور زندگی تباہ ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس سلسلے میں قانون سازی کرنی چاہئے۔
کانگریس کے وپلو ٹھاکر نے کہا کہ حکومت کو فوج میں معذور جوانوں کی پنشن اور آمدنی پر انکم ٹیکس نہیں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کے مطابق معذور افراد کو رینک ملنا بند ہوجاتاہے اس سے ان کی آمدنی کے راستے محدود ہوجاتے ہیں۔ حکومت کو ان کے پنشن پر انکم ٹیکس نہیں وصول کرنے پر غور کرنا چاہئے۔