اسکاٹ لینڈ نے ایک میچ پر مشتمل ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کراس اور کپتان کوئٹزر نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے ابتدائی 13 اوورز میں ٹیم سنچری مکمل کردی اور مقررہ 50 اوورز میں رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
کپتان کوئٹزر 58 رنز بنا کر آوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جس کے بعد 107 کے اسکور پر کراس 48 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد کیلم میکلیوڈ نے بیرنگٹن کے ساتھ مل کر اسکور کو 200 رنز تک پہنچایا تاہم بیرنگٹن 39 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد جارج میونسی نے ان کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
میونسی 55 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد ڈی ای بج 11 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔
اسکاٹ لینڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 371 رنز بنالیے۔
کیلم میکلوڈ نے 140 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور لیام پلنکیٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں تجربہ کار انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز بھی انتہائی جارحانہ تھا، جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے 129 رنز کی شراکت قائم کی۔
انگلینڈ کو پہلا نقصان 34 رنز بنانے والے جیسن روئے کی صورت میں اٹھانا پڑا جس کے بعد الیکس ہیلز نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
جونی بیئراسٹو نے کیرئر کی مسلسل تیسری سنچری داغ کر انگلینڈ کے لیے اعزاز حاصل کیا اور صرف 59 گیندوں میں 12 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جونی بیرسٹو کے آوٹ ہوتے ہی انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی رہیں اور ہدف حاصل کرنے سے قبل ہی پوری ٹیم آوٹ ہوگئی۔
معین علی اور لیام پلنکٹ بالترتیب 46 اور 47 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب لائے لیکن ان کی یہ کوششیں ناکافی ثابت ہوئیں۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم 365 رنز پر آوٹ ہوئی اور یوں 6 رنز سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک ویٹ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ اسکاٹ لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائےگی جس کا آغاز 12 جون سے ہوگا۔