نئی دہلی : ہاکی انڈیا نے 25 نومبر سے 13 دسمبر تک چلی کے سینٹیاگو میں منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ خواتین جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 2025 کے لیے 20 رکنی ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کا اعلان کیا۔
ورلڈ کپ کے 20 رکنی اسکواڈ میں دو متبادل کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ہندوستان کو پول سی میں جرمنی، آئرلینڈ اور نمیبیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز یکم دسمبر کو نمیبیا کے خلاف کرے گی،
اس کے بعد 3 دسمبر کو جرمنی اور 5 دسمبر کو آئرلینڈ کے خلاف میچ کھیلے جائیں گے۔ہر پول سے ٹاپ ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوں گی، جو 7 سے 13 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ہندوستانی ٹیم کی قیادت جیوتی سنگھ اور ہیڈ کوچ تشار کھانڈیکر کریں گے۔
گول کیپنگ کے فرائض ندھی اور اینجل ہرشا رانی منج سنبھالیں گیں، جب کہ منیشا، لالتھنوالانگی، ساکشی شکلا، پوجا ساہو اور نندنی کو دفاع کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مڈفیلڈ میں ساکشی رانا، ایشیکا، سنیلیتا ٹوپو، کپتان جیوتی سنگھ، کھاڈیم شیلیما چانو اور بنیما دھن پر انحصار کرے گا۔ سونم، پورنیما یادو، کنیکا سیواچ،حنا بانو، اور سکھویر کور پر مشتمل فارورڈ لائن، ایک مضبوط حملے کا وعدہ کرتی ہے۔ پرینکا یادو اور پاروتی ٹاپنو کو ٹورنامنٹ کے لیے اسٹینڈ بائی کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
روانگی سے قبل ٹیم کے انتخاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ تشارکھانڈیکر نے کہا، اس وقت جس طرح سے میری ٹیم کھیل رہی ہے اس سے میں بہت خوش او رمطمئن ہوں۔
میرا بنیادی اصول ہاکی میں نظم و ضبط ہے اور میں نے اس ٹیم کی تعمیر کے دوران اسی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ہم سخت پریکٹس سیشن سے گزرے ہیں اور اپنے ڈھانچے کے اندر سخت محنت کی ہے۔
اسکورنگ ایریا میں لڑکیوں نے پچھلے کچھ مہینوں میں زبردست بہتری اور پختگی کا مظاہرہ کیا ہے۔