نئی دہلی،25فروری(یواین آئی)وزیراعظم نریندرمودی اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان منگل کو یہاں حیدرآباد ہاؤس میں دوطرفہ چوٹی میٹنگ شروع ہوئی جس میں مسٹر ٹرمپ نے احمدآباد میں سردار پٹیل اسٹیڈیم میں نمستے ٹرمپ پروگرام کے لئے مسٹر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
مسٹر مودی نے مسٹر ٹرمپ کا حیدرآباد ہاؤس میں استقبال کیا۔اس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان اکیلے میں بات چیت ہوئی ۔اس کے بعد وفد سطح کی چوٹی میٹنگ شروع ہوگئی۔
اکیلے میں میٹنگ کے بعد مختصر تقریر میں مسٹر مودی نے امریکی صدر کا رسمی انداز میں استقبال کرتے ہوئےکہا،’’میں آپ کا اور امریکی وفد کا ہندوستان میں استقبال کرتا ہوں۔میں جانتا ہوں کہ آپ ان دنوں مصروف ہیں پھر بھی آپ نے ہندوستان آنے کےلئے وقت نکالا۔اس کےلئے میں آپ کا شکر گزار ہوں۔‘‘
اس کے بعد مسٹرٹرمپ نے بھی ہندوستان کے سفر کے تجربے پر پسندیدگی کا اظہار کرتےہوئے کہا،’’ان دودنوں میں،خصوصاً کل اسٹیڈیم میں میرے لئے بہت احترام کی بات تھی،وہاں آئے لوگ شاید میرے مقابلے میں آپ کےلئے زیادہ ہوں گے۔ایک لاکھ 25ہزار لوگ وہاں تھے۔ہر بار جب بھی میں نے آپ کا نام لیا،انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔لوگ آپ کو پیار کرتے ہیں۔‘‘
وفد سطح کی میٹنگ میں دونوں ملکوں کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط کئےجائیں گے جن میں تقریباً تین ارب ڈالر کے دفاعی سودے شامل ہیں۔دفاع اور سکیورٹی،توانائی اور سکیورٹی،سائنس اور ٹیکنولوجی ،تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ مختلف علاقائی اور عالمی مسئلوں پر بھی دونوں کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔
مسٹر ٹرمپ شام کو راشٹرپتی بھون میں صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کریں گے اور ان کے احترام میں منعقد استقبالیہ ضیافت میں شرکت کرنےکے بعد دیر رات اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔