صنعا/یروشلم : یمن کے حوثی گروپ نے جمعرات کی شب کہا کہ اس نے وسطی اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے پر ایک نیا بیلسٹک میزائل حملہ کیا ہے، جسے مبینہ طور پر اسرائیلی دفاعی نظام نے رات میں روک دیا تھا۔
حوثی فوج کے ترجمان یحیی ساریہ نے حوثی کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ “ہم نے ایک ہائیپرسونک بیلسٹک میزائل کا استعمال کرتے ہوئے بن گوریون ہوائی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک معیاری فوجی آپریشن کیا۔”
ترجمان نے کہا کہ ” بن گوریون ہوائی اڈے پر فضائی نیویگیشن پر پابندی لگانے کے لئےحوثیوں کی مہم” اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اسرائیل غزہ کی پٹی کے فلسطینی انکلیو کے خلاف اپنی جارحیت اور ناکہ بندی ختم نہیں کرتا۔
اس سے قبل رات گئے، اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے یمن سے داغے گئے ایک میزائل کو روک دیا۔ لانچ کے بعد، آئی ڈی ایف نے وسطی اسرائیل کے علاقوں میں رہائشیوں کے لیے اسمارٹ فون ایپلیکیشن الرٹ جاری کیا۔ تقریباً دو منٹ بعد، ان علاقوں میں سائرن فعال ہوگیا، جس سے رہائشیوں کو پناہ لینی پڑی۔
اسرائیل کی قومی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم نے اطلاع دی ہے کہ کچھ واقعات میں گھبراہٹ اور پناہ گاہ کی طرف بھاگتے ہوئے لوگوں کے زخمی ہونے کے علاوہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔