دبئی: ٹیم انڈیا نے فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر چمپئینزٹرافی پر قبضہ جما لیا ہے۔ پورے ٹورنمنٹ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب اس ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد شامی کو رمضان المبارک کے دوران روزے کا اہتمام نہیں کرنے پر ایک طبقہ نے تنقید کا نشانہ بنایا تو کئی لوگ ان کی حمایت میں بھی سامنے آئے۔
محمد شامی سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں جب صحافیوں نے رمضان المبارک میں روزوں سے متعلق سوال کیا تو شامی نے کہا کہ ملک کا معاملہ ہے، بھارتی پروفیشنل کرکٹرز کیلئے شیڈول تیار کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کرنا ہوتا ہے۔
تیز گیند باز نے مزید کہا کہ رمضان کے دوران چمپئینز ٹرافی میں کھیل پر دھیان ہے، روزے کی قضا بعد میں کروں گا۔
محمد شامی نے قبول کیا کہ رمضان میں میچز کھیلنا مشکل ہوتا ہے، مگر یہاں ملک کا معاملہ ہے اسی لئے کھلاڑیوں کو کھانے اور نیند کو پورا کرنا ہوتا ہے اور ٹریننگ کے بعد بحالی کیلئے ہدایات پر عمل کرنا پڑتا ہے۔
یاد رہے آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے کہا تھا کہ شامی نے رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ نہیں رکھا۔ اگرچہ وہ مکمل طور پر صحت مند نظر آتے ہیں، لیکن اگر وہ ٹھیک ہونے کے باوجود روزہ نہیں رکھ رہے تو وہ کبیرہ گناہ کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اسلامی شریعت کی نظر میں وہ مجرم ہیں، اللہ کے ہاں اس کا حساب ہوگا۔
محمد شامی نے نیوزی لینڈ کے ساتھ فائنل میں 74 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی ہے جبکہ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف انھوں نے 3 اہم وکٹس حاصل کی تھیں۔