امریکی صدر جوبائیڈن کے کتے نے وائٹ ہاؤس کے خفیہ ایجنٹوں کو کتنی بار کاٹا، اس حوالے سے اصل تعداد سامنے آگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ’کمانڈر‘ نامی کتے نے وائٹ ہاؤس کے خفیہ ایجنٹوں کو کم از کم 24 مرتبہ کاٹا۔
نئے سامنے آنے والے دستاویزات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ جرمن شیفرڈ نسل کے اس کتے نے صدر جوبائیڈن کے محافظوں کے لیے کس حد تک افرا تفری پھیلائی تھی۔
دستاویزات کے مطابق اکتوبر 2022ء سے جولائی 2023ء کے درمیان کتے کے کاٹنے کے کم از کم 24 واقعات پیش آئے۔ کتے نے سیکرٹ سروس کے ارکان کو کلائی، بازو، کہنی، کمر، سینے، ران اور کندھے پر کاٹا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ان دستاویزات میں صرف سیکرٹ ایجنٹس کو کاٹنے کے واقعات کا ذکر ہے، دستاویزات میں دیگر افراد یا وائٹ ہاؤس کے عملے کو کاٹنے کے واقعات کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات کے بعد صدر جوبائیڈن کے جرمن شیفرڈ کتے کو وائٹ ہاؤس سے نکال دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 4 سالہ دور میں وائٹ ہاؤس میں کوئی کتا یا دوسرا پالتو جانور نہیں رہا تاہم جوبائیڈن کی آمد کے ساتھ ہی وائٹ ہاؤس میں کتوں کی بھی واپسی ہوئی تھی۔