بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا اور اور ان کی اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ نے گزشتہ روز اپنی علیحدگی کی تصدیق کردی۔
تاہم دونوں کی علیحدگی کے بعد اب تصفیے میں نتاشا اسٹینکوویچ کے ملنے والی رقم کے بارے میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک پانڈیا کی ملکیت میں تقریباً 94 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثے ہیں جبکہ نتاشا اسٹینکوویچ کے اثاثوں کی مالیت 20 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
کچھ دنوں قبل یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ ہاردک اور نتاشا کی علیحدگی کی صورت میں ہاردک پانڈیا کے 70 فیصد اثاثےنتاشا اسٹینکوویچ کو ملیں گے۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک پانڈیا ماضی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی تمام جائیداد اور اثاثوں کے اکیلے مالک نہیں بلکہ ان کی والدہ بھی ان کی ملکیت میں شریک ہیں۔
بھارتی قانون کے مطابق نتاشا اسٹینکوویچ اب بھی ہاردک پانڈیا سے نان نفقے کا مطالبہ کرسکتی ہیں۔
خیال رہے کہ ہاردک پانڈیا اورسربیئن اداکارہ و ماڈل نتاشا اسٹینکوویچ مئی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے تاہم رواں سال مئی میں اس وقت ان کی علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں جب نتاشا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نام کے ساتھ ’پانڈیا‘ ہٹا دیا تھا۔
آئی پی ایل 2024 کے میچز میں نتاشا کی عدم شرکت سے بھی دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو تقویت ملی تھی، ٹی20 ورلڈ کپ سے واپسی کے بعد پانڈیا بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ نظر نہیں آئے تھے۔
اس دوران ہاردک پانڈیا اور ان کی اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ کی علیحدگی کی افواہوں پر ان کے ایک قریبی دوست کا بیان بھی سامنے آیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک اور نتاشا کے دوست کا کہنا تھا کہ دونوں کے تعلقات میں خرابی کی وجہ ہاردک بنے تاہم نتاشا بھی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتیں۔