سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمنی میزائلوں کے سامنے بے بس صہیونی حکومت ایرانی میزائلوں کا کیا مقابلہ کرے گی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے اسرائیلی دفاعی نظام پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی فوج کے میزائل روکنے میں ناکام صہیونی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کا کیسے مقابلہ کرے گی؟
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ہر ممکنہ منظرنامے کے لیے تیار ہے۔ اور قوم کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ایران کی فوجی طاقت میں دس گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ صہیونی حکومت کا فضائی دفاعی نظام ایک بھی یمنی میزائل کو نہیں گراسکا۔ ایسے میں وہ ایرانی میزائلوں کی بارش کا کیا سامنا کرے گا؟”
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کی طرف سے 600 میزائل داغے جائیں، تو اسرائیلی دفاعی نظام شاید 100 میزائل روک پائے، لیکن باقی 500 میزائل اپنے حساس اہداف کو ضرور نشانہ بنائیں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطی میں کشیدگی عروج پر ہے اور ایران و اسرائیل کے درمیان براہ راست محاذ آرائی کے امکانات پر عالمی سطح پر تبصرے جاری ہیں۔