لندن: ملکہ برطانیہ الزبتھ نہ صرف زندہ ہیں بلکہ صحت کے اعتبار سے بھی ٹھیک ہیں لیکن بکنگھم پیلس نے ان کی موت کی خبر دینے کے لئے خفیہ کوڈ جاری کردیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ برطانیہ زندہ اور روبہ صحت ہیں تاہم ان کی موت کی خبر کس طرح جاری کی جائے گی اور میڈیا پر کب اور کس طرح اس خبر کو عام کیا جائے گا اس حوالے سے بکنگھم پیلس نے ایک خفیہ کوڈ جاری کیا ہے۔
بکنگھم پیلس نے ملکہ کی موت پر ” لندن برج از ڈاؤن” کا خفیہ کوڈ تجویزکیا ہے اور ملکہ کی موت کی خبر سب سے پہلے وزیراعظم کو دی جائے گی اور اگر وزیراعظم سو رہی ہوں گی تو سول سروینٹ کو یہ کوڈ بتایا جائے گا جس کا مطلب ہوگا کہ ملکہ برطانیہ اب نہیں رہیں۔
وزیراعظم کو خفیہ کوڈ بتائے جانے کے بعد اعلیٰ حکومتی حلقوں کو ملکہ برطانیہ کی موت سے متعلق آگاہ کیا جائے گا جس کے بعد ملک سے باہر برطانیہ کے 15 اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے بتایا جائے گا جن کی ملکہ الزبتھ سربراہ مملکت بھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ کی خبر میڈیا پر جاری کرنے سے قبل کامن ویلتھ کے 36 ممالک کو ملکہ الزبتھ کی موت کے بارے میں بتایا جائے گا جس کے بعد عوام کو بتانے سے قبل عالمی رہنماؤں کو خبر دی جائے گی اور میڈیا پر نشر ہونے سے قبل پریس ایسوسی ایشن کو دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ کی موت پر شاہی محل کی ویب سائٹ پر سیاہ بیک گراؤنڈ میں ان کی موت کی خبر ہوگی جب کہ انتہائی مختصر نوٹس پر اخبارات میں سپلیمنٹس جاری کئے جائیں گے جب کہ بی بی سی کے ریڈیو الرٹ ٹرانسمیشن سسٹم کو فوری طور پر آن کردیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی کمرشل ریڈیو اسٹیشنز کے ڈی جیز ملکہ برطانیہ کی موت پر غمزدہ میوزک چلائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جارج سکس کی موت کی خبر 4 گھنٹے تاخیر سے جاری کی گئی تھی جب کہ بکنگھم پیلس نے ان کی موت پر ہائیڈ پارک کارنر کوڈ رکھا تھا۔
،،،،،،،