برسوں کی افواہوں اور رپورٹس کے بعد آخرکار رواں ماہ ایک نہیں بلکہ 2 فولڈ ایبل فونز متعارف ہونے والے ہیں۔
ایک تو سام سنگ کا گلیکسی ایف یا جوبھی اس کا نام رکھا جائے گا اور دوسری چینی کمپنی ہواوے کا پہلا فولڈ ایبل فون جو 24 فروری کو دنیا کے سامنے آئے گا۔
ہواوے نے ٹوئٹر پر بارسلونا میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر 24 فروری کو ایک ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کیا۔
یہ کمپنی گزشتہ سال اکتوبر میں ایک فولڈ ایبل فون متعارف کرانے کے منصوبے کا انکشاف کرچکی ہے جبکہ گزشتہ ماہ اسے موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اپنے ٹوئیٹ میں کمپنی نے فولڈ ایبل فون کا ذکر تو نہیں کیا مگر یہ ضرور لکھا ‘ کیا آپ ناقابل نظیر کے انکشاف کے لیے تیار ہیں؟’
ہواوے گزشتہ ماہ یہ بھی اعلان کرچکی ہے کہ اس کا فولڈایبل فون اس کمپنی کا پہلا فائیو جی فون بھی ہوگا۔
ایسا بھی امکان ہے کہ فولڈایبل فون سے ہٹ کر بھی کچھ اسمارٹ فونز اس کمپنی کی جانب سے اس ایونٹ میں متعارف کرائے جائیں۔
مگر حیران کن طورپر ہواوے اس معاملے میں سام سنگ سے پیچھے رہ جائے گی جو کہ اپنا فولڈ ایبل فون گلیکسی ایس 10 سیریز کے ساتھ 20 فروری کو متعارف کرارہی ہے۔
ویسے فروری میں تیسرا فولڈ ایبل فون سامنے آنے کا بھی امکان ہے۔
اگر حالیہ اطلاعات کو درست مانا جائے تو موٹرولا بھی اپنے ماضی کے ریزر وی تھری کو فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی شکل میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
مگر ان تینوں فونز کو خریدنے کے لیے جیب میں رقم بھی کافی زیادہ چاہئے ہوگی کیونکہ ان کی کم از کم قیمت بھی ڈیڑھ ہزار ڈالرز (پونے 2 لاکھ پاکستانی روپے کے قریب) ہوگی۔