انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نےکہا ہےکہ سلطنت عثمانیہ کا خاتمہ کر کے انسانیت پر ظلم ڈھایا گیا تھا۔ ترک صدر اردوان استنبول میں انٹرنیشنل میری ٹائم لاء اینڈ ایسٹرن میڈیٹرینئن سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم ترک عوام سلطنت عثمانیہ کی تہذیب کے وارث ہیں، ہم مشرقی بحیرہ روم میں امن چاہتے ہیں، ترک قوم امن کے راستے پر چلتے ہوئے اپنے جغرافیائی حدود کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔
ترک صدر نے کہا کہ سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد مختلف خام تیل، قدرتی وسائل اور مفادات کے تحت مختلف ملکوں کی آزادی چھینی گئی، سلطنت عثمانیہ کا خاتمہ کر کے انسانیت پر ظلم ڈھایا گیا تھا، ترک عوام امن چاہتی ہے اور مشرقی بحیرہ روم میں توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے ممالک کے خواب پورے نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ترکی مشرقی بحیرہ روم میں مہمان نہیں بلکہ میزبان ہے، دور دراز کے ممالک بھی مشرقی بحیرہ روم کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ بہت سی بین الاقوامی تجارتی تنظیمیں بھی یہاں کے قدرتی وسائل پر آس لگائے بیٹھی ہیں اور وہ کشیدگی کو بڑھا رہی ہیں۔
طیب اردوران نے کہا کہ ترکی ابھی تک معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی بات کررہا ہے، مشرقی بحیرہ روم میں ہونے والے کسی بھی واقعے سے ترکی براہ راست متاثر ہوتا ہے۔
ترک صدر نے عالمی قوتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کوئی بھی فیصلہ ترکی کو مائنس کر کے ہرگز نہیں کیا جا سکتا۔